پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا سے مزید 12 بچے جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا کے ایک ہزار 77 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ بیماری سے 12 بچے بھی جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ پنجاب میں 24 دن میں 11,597 بچے نمونیا میں مبتلا ہوچکے ہیں، لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا سے 251 بچے متاثر ہوئے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر مختار نے بتایا کہ پنجاب میں ان دنوں نمونیا پھیلا ہوا ہے، بچے کو پیدائش سے لےکر ڈیڑھ ماہ تک نمونیا ویکسین ایک خاص نمونیا سے بچاتی ہے۔
ڈاکٹر مختار نے مزید بتایا کہ ان دنوں پھیلے ہوئے وائرل میں نمونیا ویکسین مؤثر نہیں، حفاظتی ٹیکہ جات کے تحت لگنے والی نمونیا ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے، بچوں اور بڑوں کے لیے نمونیا کی ایک ہی ویکسین ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام مارکیٹ میں نمونیا ویکسین دستیاب نہیں، حکومتی اجازت کے بغیر کوئی فارمیسی نمونیا ویکسین بیرون ملک سے نہیں منگوا سکتی، حکومت بیرون ملک سے صرف بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے تحت لگنے والی ویکسین منگواتی ہے۔