اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک – 30 جنوری 2024ء): مہنگائی کے بوجھ اور بھاری برقی بلوں کے نیچے دبی عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں اکتوبر سے دسمبر 2023 کی تین مہینے کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں ملک بھر کے لئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ درخواست میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 75 ارب 14 کروڑ روپے وصولی اور نقصانات کی مد میں 10 ارب 82 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سماعت 14 فروری کو ہوگی، درخواست منظور ہونے کے بعد بجلی صارفین پر 81 ارب 50 کروڑ روپے کا مزید بوجھ منتقل ہونے کا امکان ہے۔
حکومتی گائیڈ لائنز کے مطابق تین مہینے کی ایڈجسٹمنٹ کا اثر کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔”