اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک – 22 مارچ 2024ء): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو نہ روکا گیا توافغانستان کی بھارت کیساتھ تجارتی راہداری بند کر دیں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتا، طاقت آخری چارہ ہے، وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری بند کرسکتا ہے، افغانستان اپنی سرزمین پرپاکستان مخالف دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام رہتا ہے تو راہداری بند کرسکتے ہیں۔ اگر افغانستان ہمارے ساتھ دشمن جیسا سلوک کرتا ہے تو ہم انہیں تجارتی راہداری کیوں فراہم کریں؟خواجہ آصف نے کہا کہ پیغام بھیجنےکی ضرورت ہےکہ سرحد پار دہشت گردی بہت بڑھ چکی ہے، پاکستان کابل میں ڈی فیکٹو حکمرانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہےکہ ہم معاملات اس طرح جاری نہیں رکھ سکتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر وہ ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں تو ہم جوابی کارروائی پر مجبور ہوجائیں گے۔ افغانستان ٹی ٹی پی کو پاکستان کےخلاف اس لیےکام کرنے دے رہا ہے تاکہ ٹی ٹی پی ارکان کو داعش میں شامل ہونے سے روکا جائے۔