پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک – 26 مارچ 2024ء): خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کےعوامی پارکس میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ہدایت کی کہ پشاور کے تمام عوامی پارکس میں مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جملہ معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے دیگر شہروں میں شروع کی جائے گی۔وزیر اعلی نے شہر کی تزین و آرائش کے لئے پشاور ڈویلمپنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تزئین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں جو پائیدار ہوں، سڑکوں کے اطراف میں لگے کھمبوں پر خوبصورت گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں۔