پاکستان ایئر لائن کی نجکاری کے عمل میں نہایت اہم پیشرفت سامنے آگئی، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حکومتی منصوبے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کی منظوری دیدی ہے، پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کے بعد 4 گھنٹے طویل اجلاس ختم ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس ای سی پی قوانین کے تحت فیصلوں کے متعلق بورڈ سے منظوری لینا لازمی ہے، اجلاس میں ملازمین کے مستقبل سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا ہے۔
جن ملازمین کی سروس 4 سال رہ گئی ہے انھیں ریٹائر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، نجکاری سے پہلے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویز بھی زیرغور آئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں نجکاری کے حوالے سے مالیاتی مشیر ارنسٹ ینگ کمپنی کی رپورٹ پر بریفنگ دی گئی۔
خیال رہے کہ پی آئی اے بورڈ اکتوبر 2023 سےغیرفعال تھا۔ کابینہ نے پی آئی اے کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری چند دن پہلے ہی دی تھی۔