چین کا کہنا ہےکہ زنگنان (اروناچل پردیش) پر بھارت اور چین کے درمیان سرحد کبھی طے نہیں ہوئی، زنگنان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے پہلے بھی ہمیشہ چین کا حصہ رہا ہے۔
بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان چینی وزارت خارجہ لین جیان کا کہنا تھا کہ چین کے پاس اس خطے میں مؤثر انتظامیہ رہی ہے، 1987 میں بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے پر نام نہاد اروناچل پردیش قائم کیا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے اقدامات کے خلاف سخت بیانات جاری کیے ہیں جن میں ہم نے زور دیا ہےکہ بھارتی کارروائی غیر مؤثر ہے اور چین کےاس حوالے سے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان پر مسلح افواج کی خصوصی پریڈ میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے شرکت کی، پاکستانی فوج کی دعوت پر پیپلز لبریشن آرمی کے وفد نے فوجی پریڈ میں شرکت کی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین کے فوجی دستےکی پریڈ نے دونوں ممالک کے درمیان منفرد رشتے کی عکاسی کی، چین نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دوست کی حیثیت سے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔