سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان دورہ پاکستان پر وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی عرب کے وفد میں وزیرماحولیات، وزیرپانی وزراعت عبدالرحمان عبدالمحسن، وزیرصنعت ومعدنی وسائل ابراہیم الخورائے شامل ہیں۔ رائل کورٹ اوردیگرشعبوں کی شخصیات اوراعلیٰ حکام بھی وفد میں موجود ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وفد 15 سے 16 اپریل تک پاکستان میں رہے گا جہاں وہ صدر پاکستان، وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور ہم منصب وزرا سمیت آرمی چیف اور ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقاتیں کرے گا۔
دورہ پاکستان کے دوران سعودی وفد کی توانائی، موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل کے وزرا سے ملاقاتیں ہوں گی۔ سعودی وفد صنعت وتجارت، زراعت، معدنیات کے وزرا سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان مکہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے معاہدوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے سے متعلق ہے۔
علاوہ ازیں سعودی وفد سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اورعملدرآمد کے امورپرمشاورت کرے گا، دورے میں ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے امور زیرغورآئیں گے جب کہ اس دورے سے مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموارہوں گی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ سات اپریل کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ میں ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے توثیق کی ہے کہ وہ پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔