برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا کہنا ہے کہ سیاسی پناہ گزینوں کو جلد افریقی ملک روانڈا منتقل کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک کی پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجنے کی حالیہ کوششوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور برطانوی پارلیمنٹ سے اس حوالے سے بل منظور کرلیا ہے۔
پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجنے سے متعلق بل برطانوی ایوان بالا اور ایوان زیریں میں گزشتہ دو ماہ سے زیر گردش رہا تاہم گزشتہ روز ایوان بالا نے آخر کار اپنی پیش کردہ آخری ترمیم کو چھوڑتے ہوئے اس بل کو منظور کرلیا۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں مقیم پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجنے کے لیے ایک ایئر فیلڈ اسٹینڈ بائی کے طور پر موجود ہے، کمرشل پروازیں بھی تیار ہیں۔
اس سے قبل برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے اپنی پریس کانفرنس میں ہاؤس آف لارڈز (ایوان بالا) سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے پناہ گزینوں سے متعلق ان کی تجاویز کو روکنا بند کریں اور ساتھ یہ بھی کہا کہ جب تک یہ بل منظور نہیں ہوجاتا پارلیمنٹ کا اجلاس جاری رہے گا۔
بعد ازاں بل منظور ہونے کے بعد رشی سونک کا کہنا تھا کہ سیاسی پناہ گزینوں کو جلد روانڈا منتقل کیا جائے گا، سیاسی پناہ گزینوں کو لے کر پہلی پرواز 10 سے 12 ہفتوں میں روانڈا روانہ ہوجائے گی۔
برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ غیرقانونی طریقے سے برطانیہ پہنچے اور اب سیاسی پناہ کی تلاش میں ہیں ان کے لیے برطانیہ میں کوئی جگہ نہیں۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت برطانیہ میں پناہ کے متلاشی چند افراد کو روانڈا بھجوایا جائے گا جہاں ایک پانچ سالہ معاہدے کے تحت ان کے دعووں کی جانچ پڑتال ہو گی۔ اگر ان افراد کے دعوے کامیاب ہوئے تو ان کو انھیں پناہ گزین کا درجہ دیا جائے گا اور برطانیہ میں رہائش کی اجازت بھی ملے گی۔