لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانا اسٹیبلشمنٹ کے لیے کوئی پیغام نہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام کے دوران لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانا اسٹیبلشمنٹ کے لیے کوئی پیغام نہیں، ہماری اسٹیبلشمنٹ سے کوئی دوڑ نہیں لگی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اور بیانیے سے متعلق ہر فیصلے کی منظوری نواز شریف دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تقرری فوری طور پر ہوگی۔
اسحاق ڈار ملک کے دوسرے ڈپٹی وزیراعظم ہیں، ان سے قبل چوہدری پرویز الہٰی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ڈپٹی وزیراعظم رہ چکے ہیں۔