حکومتی قرضے کے ریکارڈ 87 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مطابق نئے مالی سال کے دوران حکومتی قرضوں میں 10 ہزار 433 ارب روپے اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ مالی سال میں حکومتی قرض بڑھ کر ریکارڈ 87 ہزار 346 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق آئندہ مالی سال میں حکومت کے مقامی قرض میں 7 ہزار 636 ارب روپے اضافے کا تخمینہ ہے، جبکہ غیر ملکی قرض میں 2 ہزار 797 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال میں پاکستان کا مقامی قرضہ بڑھ کر 53 ہزار 878 ارب روپے ہوجائے گا، جبکہ غیر ملکی قرضہ بڑھ کر 33 ہزار 648 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔ رواں مالی سال کے اختتام تک حکومت کے کل قرضے 76 ہزار 913 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے، جس میں مقامی قرضہ 46 ہزار 242 ارب روپے اور غیر ملکی قرضہ 30 ہزار 671 ارب روپے رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق یہ قرضے پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں اور مالیاتی منصوبہ بندی میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہوگی۔