اسلام آباد: کے الیکٹرک نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا کو جمع کروا دی ہے۔
کے الیکٹرک نے 2023 سے 2030 تک کے لیے ملٹی ائیر ٹیرف مقرر کرنے کی استدعا کی ہے، جس کے تحت بجلی کا بنیادی ٹیرف 44 روپے 69 پیسے فی یونٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس وقت کے الیکٹرک کا موجودہ بنیادی اوسط ٹیرف 34 روپے فی یونٹ ہے۔
درخواست کے مطابق، بجلی کی قیمت کا ای پی پی کمپوننٹ 18 روپے 88 پیسے فی یونٹ اور سی پی پی کمپوننٹ 12 روپے 54 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ٹرانسمیشن چارجز 3.48 روپے، ڈسٹری بیوشن چارجز 3.84 روپے، آپریشن اینڈ مینٹیننس چارجز 0.42 روپے، اور ریٹیل مارجن 0.59 روپے فی یونٹ شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ ریکوری لاس الاؤنس کی مد میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اور ورکنگ کیپیٹل کی مد میں 2 روپے 7 پیسے فی یونٹ مانگے گئے ہیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی اس درخواست پر شراکت داروں سے 7 روز کے اندر رائے طلب کی ہے تاکہ اس پر مزید کارروائی کی جا سکے۔