لاہور – پی ڈی ایم اے نے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے خطرات کی پیش گوئی کی ہے جبکہ درجہ حرارت 45 سے 48 ڈگری تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایات جاری کی ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں، تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہیٹ ویو کی لہر سے لودھراں میں 2 شہری متاثر ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تمام محکمے میڈیا اور عوام باہمی تعاون سے ہیٹ ویو کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں، غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں اور ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔”