شیخوپورہ میں 13 سالہ لڑکے اور 5 سالہ لڑکی کی شادی کی تقریب پر پولیس نے چھاپہ مار کر ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ شیخوپورہ میں جی ٹی روڈ کی آبادی کوٹ نذیر میں پیش آیا، جہاں 13 سالہ لڑکے اور 5 سالہ بچی کی شادی کی گئی تھی۔ اس شادی میں دونوں نابالغ بچوں کے والدین سمیت 8 افراد شریک تھے۔
مریدکے پولیس نے شادی کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی اور تقریب پر چھاپہ مار کر ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اے ایس آئی محمد یونس کی مدعیت میں چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس واقعے پر مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ شادی میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔