بھارت میں شدید گرمی: درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
بھارت میں شدید گرمی کی لہر کے دوران آج درجہ حرارت اب تک کی ریکارڈ سطح 52.3 ڈگری سینٹی گریڈ پر جا پہنچا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق، اس سے قبل سب سے زیادہ درجہ حرارت 2016 میں راجستھان میں 51 ڈگری تک پہنچا تھا۔
آج دارالحکومت نئی دہلی میں درجہ حرارت 52.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 2002 میں ریکارڈ کیے گئے 49.2 ڈگری سے کہیں زیادہ ہے۔ راجستھان میں آج درجہ حرارت 51 ڈگری اور ہریانا میں 50.3 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے۔
نئی دہلی میں صحت کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدت سے تمام عمر کے افراد کو ہیٹ اسٹروک کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ حالیہ گرمی کی لہر کے دوران ریاست راجستھان میں ہیٹ اسٹروک سے اب تک 13 اموات ہو چکی ہیں۔ ریاست بہار کے اسکولوں میں طلبا گرمی سے بےحال ہو گئے اور کچھ طالبات بے ہوش بھی ہو گئیں۔
گرمی کی شدت کے باعث مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی کے جنگلات میں آگ لگ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے سے اب تک جنگلات میں آگ لگنے کے 8 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانوں کی پیدا کردہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایشیائی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جس کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی صحت و زندگی کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔