وفاقی بجٹ پیش ہونے کے اگلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس میں ریکارڈ 3 ہزار 410 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
ریکارڈ اضافے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 76 ہزار 208 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج 65 کروڑ شیئرز کے سودے 30 ارب روپے میں طے ہوئے، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 349 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 133 ارب روپے ہے۔
دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج کا کے ایم آئی 30 انڈیکس 5 ہزار 790 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 25 ہزار 820 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو مشکل معاشی، سیاسی چیلنجز میں متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں نئے شعبے آئے ہیں، نان فائلر ٹیکس نیٹ میں نہ آنے کا درد محسوس کرےگا، ٹیکس لینا ضروری اور اس کا استعمال بھی ضروری ہے، بجٹ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کے لئے معاون ہو گا۔
فرخ ایچ خان نے کہا کہ حکومت بنیادی سہولیات دےکر عوام کا معیار زندگی بہتر بنائے، لوگ خوشی سے ٹیکس دیں گے، سی پیک کا فیز ٹو بہت ضروری ہے، بجٹ کا ری ایکشن بہت اچھا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے 188 کھرب 87 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا۔