لاہور: گندم کی قیمت میں اضافےکے ساتھ ہی آٹےکی قیمت دوبارہ بڑھنے لگی ہے۔
گندم کی نئی فصل آنے پر آٹےکی قیمتوں میں آنے والی کمی کے بعد اب ایک بار پھر آٹے کی قیمت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے، لاہور اور راولپنڈی ڈویژنز میں گندم کی قیمتیں بڑھتےہی آٹےکے تھیلے کی قیمت 150 روپے تک بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 20 کلو آٹےکا تھیلا لاہورمیں 1650 روپے سے بڑھ کر 1700 روپے اور راولپنڈی میں1850 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 10 کلو آٹےکا تھیلا 800 روپے سے بڑھ کر 850 روپے کا ہوگیا ہے۔
چیئرمین پاکستان فلار ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافہ گندم کی قیمتوں میں اضافےکی وجہ سےکرناپڑا، لاہور میں گندم کی قیمت 2900 سے بڑھ کر 2950 روپے اور راولپنڈی ڈویژن میں 3050 روپے فی من ہو گئی ہے۔
فلار ملز مالکان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔