اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شیخ رشید اور دیگر ملزمان کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق، عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، اسد قیصر اور دیگر کو بری کر دیا۔ یہ مقدمہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے پر درج کیا گیا تھا۔
کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر ملزمان کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ اور انصر کیانی نے دلائل پیش کیے۔ ان دلائل کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔