دریائے چناب میں شدید سیلاب کا خطرہ، ملحقہ اضلاع کو الرٹ جاری۔

لاہور: دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ، ملحقہ اضلاع کو الرٹ جاری۔


دریائے چناب

لاہور دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 4 سے 7 جولائی کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر، پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب سے ملحقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، خانیوال، مظفرگڑھ، ملتان، اور راجن پور کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہونا چاہیے۔ شہریوں کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔

دریاؤں کے کنارے موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کا صاف پانی، اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ عوام سے درخواست ہے کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے