لاہور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا ممکنہ شیڈول منظر عام پر آگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، بنگلادیشی کرکٹ ٹیم 17 اگست کو پاکستان پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست کو، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست کو، جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 3 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔
یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2025 کا حصہ ہے۔ چیئرمین پی سی بی، محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران تصدیق کی تھی کہ قذافی اسٹیڈیم کی جاری اپ گریڈ کی وجہ سے یہاں میچز کی میزبانی ممکن نہیں ہوگی۔ اس لیے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے میچز کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں 2001 سے اب تک ہوم گراؤنڈ پر 13 بار ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں، جن میں پاکستان ناقابلِ شکست رہا ہے جبکہ ایک ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔