لاہور: مہنگائی نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے۔ مہنگی سبزیوں اور پھلوں کے بعد اب مرغی کا گوشت خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے۔ ایک ہی دن میں چکن کی فی کلو قیمت میں 37 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 421 روپے فی کلو میں ملنے لگا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مٹن اور بیف خریدنے کی تو پہلے ہی سکت نہیں تھی، اب چکن بھی ان کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں کو انتظامیہ مقرر کرتی ہے، چکن مہنگا ہونے سے ان کی دکانیں خالی پڑی ہیں اور گاہک بہت کم آ رہے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔