وفاقی وزیر توانائی: 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنا ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر توانائی

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عوام کو 200 یونٹ تک مفت بجلی دینا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چین کے تعاون سے تھر کول کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس منصوبے سے 3 روپے فی یونٹ سستی بجلی فراہم کی جائے گی، جس سے 300 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

پروگرام کے دوران، اویس لغاری کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے الیکشن مہم کے دوران کیے گئے 200 یونٹ تک مفت بجلی کے وعدے یاد دلائے گئے۔ اس کے جواب میں وزیر توانائی نے کہا کہ اگر 200 یونٹ تک والے ڈیڑھ کروڑ صارفین کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں اور ان کے بجلی کے کنکشن کاٹ دیے جائیں تو یہ ممکن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال جنوری میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

مزید برآں، غریب بجلی صارفین کے لیے ایک خوشخبری ہے کہ حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کی تیاری شروع کردی ہے۔ وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت دی ہے۔ جولائی تا ستمبر 2024 کے لیے ماہانہ 200 یونٹ تک والے صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت ٹیرف پر ریلیف دینے کے لیے تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

وفاقی کابینہ نے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظور کیا تھا۔ اس سے قبل کابینہ نے 200 یونٹ تک پروٹیکیٹڈ اور نان پروٹیکیٹڈ صارفین کے لیے اضافہ منظور کیا تھا۔ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکیٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 3.95 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا، جبکہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکیٹڈ صارفین کا ٹیرف 4.10 روپے بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی۔ ماہانہ ایک سے 100 یونٹ نان پروٹیکیٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.11 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا، اور ماہانہ 101 سے 200 یونٹ نان پروٹیکیٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.12 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہے گا، جبکہ ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ ٹیرف 7.74 روپے برقرار رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے