بھارتی میڈیا: انڈین ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی

بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی۔

چیمپئنز ٹرافی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور یہ ٹورنامنٹ فروری اور مارچ 2025 میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ مل کر چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول شیئر کیا ہے، جس کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کا روایتی مقابلہ یکم مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے۔

تاہم، بی سی سی آئی نے ابھی تک بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے کے حوالے سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ کے کچھ میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں منعقد کیے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، انڈین ٹیم کے پاکستان نہ جانے کے قوی امکانات ہیں، لیکن حتمی فیصلہ بھارتی حکومت کرے گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر کام جاری ہے اور ممکن ہے کہ بھارت اپنے میچز سری لنکا یا متحدہ عرب امارات میں کھیلے، جیسے ایشیا کپ میں ہوا تھا۔

دوسری جانب، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے اور پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا۔ سری لنکا میں جولائی کے آخر میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں بھی اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2013 سے کوئی بھی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور بھارتی ٹیم 2008 سے کسی بھی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان نہیں آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے