اسلام آباد: چین سے 15 ارب ڈالر کے توانائی قرضوں کی ری شیڈولنگ کے اہم ٹاسک کے لیے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، وزیر خزانہ اس دورے میں 15 ارب ڈالر کے توانائی قرض کی ری شیڈولنگ پر بات چیت کریں گے۔ قرض کی ری شیڈولنگ کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جا سکتا ہے۔ اس دورے میں چین کے توانائی کے سرکلر ڈیٹ کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
مزید برآں، وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ چین کے توانائی کے سرکلر ڈیٹ کا حجم تقریباً 500 ارب روپے ہے۔ وزیر خزانہ اپنے دورہ چین کے دوران پانڈا بانڈ پر بھی بات چیت کریں گے۔ پاکستان چین سے 30 ملین ڈالر کا پانڈا بانڈ حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔