لاہور: گڑھی شاہو میں کھلے پھاٹک پر ٹرین کی ٹکر سے خاتون اوربچی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ریلوے حکام کے مطابق مغلپورہ سے ایک مال گاڑی ریلوے اسٹیشن جا رہی تھی کہ گڑھی شاہو پھاٹک گزرنے کے بعد اس کی چار بوگیوں میں سے دو الگ ہو گئیں۔ ان بوگیوں کو دوبارہ جوڑنے کے لیے ٹرین کو ریورس کیا گیا، لیکن دھکا لگنے سے یہ بوگیاں پھاٹک کی طرف چل پڑیں، جو اس وقت کھلا ہوا تھا۔
بوگیوں کو واپس آتا دیکھ کر ریلوے ملازم نے فوری طور پر پھاٹک بند کرنے کی کوشش کی، مگر اس دوران بوگیاں کھلے پھاٹک سے ٹکرا گئیں، جس سے 5 راہگیر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ایک خاتون کا بازو کٹ گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور ریلوے حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔