اسلام آباد – قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے اعلان کیا ہے کہ کل ملک بھر میں ہر صورت پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
عمر ایوب خان نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کل ملک بھر میں بھرپور اور پرامن احتجاج ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے تین بنیادی مطالبات ہیں:
- بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، اور وہ کارکنان جو ملٹری کورٹس کے ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی رہائی۔
- فارم 47 کی حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج۔
- صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے ملک میں امن و ترقی کی بحالی۔
عمر ایوب خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے اور بانی چیئرمین عمران خان کے دوبارہ وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھنے سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔