لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے انسدادِ دہشتگردی عدالت میں درخواستیں دائر کی ہیں۔
درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور ان سے کسی قسم کی کوئی ریکوری نہیں ہونی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ تمام کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں اور انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ انسدادِ دہشتگردی عدالت ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں رہائی کی درخواست کی ہے۔ عمران خان کا موقف ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں اور ان کی ضمانت کی منظوری کی جائے۔