وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ امور کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
لاہور: سابق کپتان وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ امور کے عہدے پر کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ معاملات وقار یونس کو سونپے ہیں، جس کے بعد سابق کپتان نے اپنے پہلے اسائنمنٹ کے طور پر بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے معاملات سنبھالے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس ٹیسٹ سیریز کے لیے سلیکٹرز اور کوچز کے ساتھ معاملات دیکھ رہے ہیں۔ بطور ایڈوائزر کرکٹ امور، وقار یونس تمام کرکٹ امور کے ذمے دار ہیں، اور وہ نیشنل سلیکشن کمیٹی، وائٹ بال، اور ریڈ بال کوچز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ پی سی بی آئین 2014 کے مطابق چیئرمین کو اپنی پاور کسی کو سونپنے کا اختیار حاصل ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا آغاز 21 اگست سے ہوگا۔ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کا اعلان اور کیمپ کا فیصلہ کیا جائے گا، جب کہ بنگلہ دیش کی ٹیم 17 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔