چیئرمین پی ٹی اے: "حکومت کے حکم پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرتے ہیں، ایکس کو بھی کھول دیں گے”
پشاور: چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کو انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے امور پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی اے حکومت کے حکم پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرتا ہے اور اگر حکومت ہدایت دے تو ایکس (سابق ٹوئٹر) کو بھی کھول دیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت رانا محمود الحسن نے کی، جس میں پی ٹی اے کے چیئرمین نے بتایا کہ پاکستان میں 56 فیصد آبادی کے پاس انٹرنیٹ ہے اور فائیو جی نیلامی اگلے برس مارچ یا اپریل میں متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم، 9 مئی اور انتخابات سمیت گزشتہ سال 4 بار موبائل سروس بند کی گئی تھی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیسے فیس بک اور انسٹاگرام سے متعلق کوئی موجودہ قانون سازی نہیں ہے، لیکن حکومت انٹرنیشنل سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ٹیکس وصولی کے لیے مذاکرات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی کام پر گزشتہ دو سال میں کوئی سائبر حملہ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے متعلق شکایات پر رابطہ کیا جاتا ہے۔ اگر حکومت ہدایت دے تو سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کیے جا سکتے ہیں، مگر ایکس پر صرف پوسٹس بلاک کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
سینیٹر عبدالقادر نے چیئرمین پی ٹی اے سے پوچھا کہ کیا ایکس کو کھولنے کا ارادہ ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ حکومت کی ہدایت پر ایکس کو کھول دیا جائے گا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مذہبی جذبات سے متعلق پوسٹس بلاک نہ ہونے پر مظاہرے ہوتے ہیں اور حکومت کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دباؤ کا سامنا ہے۔