پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوابی جلسہ جعلی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں حالیہ واقعے کو موجودہ حکومت کے لیے ایک انتباہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو بھی شیخ حسینہ واجد کی طرح تیاری کرنی چاہیے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ صوابی جلسہ نے ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور لاکھوں لوگوں کی شرکت نے جعلی حکومت کو آخری وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ عوامی طاقت اسلام آباد کا رخ کرتی ہے، تو جعلی حکومت کے نمائندوں کے لیے کوئی پناہ نہیں رہے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش کا حالیہ واقعہ جعلی حکومت کے لیے ایک ‘ٹریلر’ ہے اور پی ٹی آئی کے صوابی جلسے نے مینڈیٹ چور سرکار کے خاتمے پر مہر لگا دی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ شریف خاندان کو لندن بھاگنے کی تیاری کر لینی چاہیے کیونکہ عوام کا یہ طوفان اسلام آباد کی ایوانوں سے ٹکرائے گا، جس سے جعلی سلطنت کا خاتمہ ہوگا۔