جماعت اسلامی کے دھرنے کا 12 واں روز، راولپنڈی میں مزید قافلوں کی آمد شروع۔

جماعت اسلامی

راولپنڈی: جماعت اسلامی کا دھرنا بارہویں روز بھی جاری، ملک بھر سے مزید قافلے پہنچنے لگے۔

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا لیاقت باغ چوک پر جاری دھرنا بارہویں دن میں داخل ہو گیا ہے، اور ملک کے مختلف علاقوں سے مزید قافلے احتجاج میں شامل ہو رہے ہیں۔ دھرنا بجلی کے بھاری بلوں، بڑھتے ٹیکسوں، آئی پی پیز کے معاہدوں، پٹرول اور گیس کی قیمتوں، اور مہنگائی کے خلاف ہے۔

دھرنے کے شرکاء نے آج نماز فجر دھرنے کے مقام پر ادا کی اور بعد میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء کے جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے اور وہ حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔ دھرنے کی انتظامیہ نے پنڈال اور اطراف کی صفائی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کا عمل جاری رکھا ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں سے کارکن قافلوں کی صورت میں دھرنے میں شامل ہو رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے مذاکرات کے حوالے سے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، جس کے باعث جماعت اسلامی کی قیادت آج آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کریں گے۔

کراچی میں بھی جماعت اسلامی کے دھرنے کا چوتھا روز ہے، جہاں جماعت اسلامی کے رہنما منعم ظفر نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے اور بجلی کے بلوں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، اور جماعت اسلامی ڈالر بیسڈ ٹیرف کی مخالفت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکامیوں کی وجہ سے عوام سڑکوں پر پھنسی رہتی ہے، اور جماعت اسلامی کراچی کے مسائل نیپرا میں بھی اٹھا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے