علی شیخانی نے ارشد ندیم کو گاڑی بطور تحفہ دینے کا اعلان کر دیا۔

علی شیخانی

کراچی: پاکستانی نژاد امریکی تاجر علی شیخانی نے پیرس اولمپکس 2024ء میں ریکارڈ ساز کارکردگی دکھانے والے جیولین تھرو کھلاڑی ارشد ندیم کے لیے گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر معروف سماجی کارکن اور جے ڈی سی کے سربراہ، سید ظفر عباس جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہ رہے ہیں۔

ظفر عباس نے کہا کہ جب ارشد ندیم پاکستان آئیں گے تو ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور ان کے لیے ایک چمچماتی گاڑی (آلٹو) تیار ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علی شیخانی نے ارشد ندیم کے لیے بطور تحفہ ایک نئی گاڑی دینے کا اعلان کیا ہے۔

ظفر عباس نے ارشد ندیم کی محنت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں جب پاکستان میں بجلی کے بل اور دیگر مسائل عوام کو پریشان کر رہے ہیں، ارشد ندیم نے اپنی کامیابی سے پاکستانیوں کو خوشی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی شیخانی ارشد ندیم کے لیے مزید تحائف بھی تیار کر رہے ہیں، اور جب وہ پاکستان آئیں گے، تو ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے ریکارڈ ساز کارکردگی کے ساتھ پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل دلایا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔ ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو میں 92.97 میٹر کی تھرو کی، جو اولمپکس کی تاریخ کی سب سے طویل تھرو ثابت ہوئی۔ پورے مقابلے میں کوئی اور ایتھلیٹ 90 میٹر کی لائن بھی عبور نہ کر سکا، اور ارشد ندیم نے اپنی آخری تھرو میں 91.79 میٹر کی تھرو پھینکی، جس سے انہوں نے ایک ہی مقابلے میں دو مرتبہ 90 میٹر سے زائد کی تھرو کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے