دریائے چناب میں اگلے 24 گھنٹوں میں شدید سیلاب کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری۔

دریائے چناب

لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مرالہ، خانکی، اور قادر آباد سمیت ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جہاں دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 لاکھ سے 2.5 لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ملتان، گجرات، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مزید برآں، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو، اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی خبردار کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور تمام ضروری انتظامات کو فوری طور پر مکمل کریں۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے، جبکہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا وافر سٹاک بھی موجود ہونا چاہیے۔

عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ حکومت پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عوام اور ان کے مویشیوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے