بھارت کے پانی چھوڑنے سے دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند، مقامی شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت۔

دریائے چناب

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور توقع ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچ جائے گی۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر پانی کی سطح 40 سے 55 ہزار کیوسک متوقع ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

راجن پور میں موسلادھار بارش اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ راجن پور اور کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق، بارش کی وجہ سے برساتی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ نالہ کاہاسلطان سے 19 ہزار 606 کیوسک اور نالہ چھاچھڑ سے 11 ہزار 450 کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

مزید برآں، کالابگا سے 2 ہزار 340 کیوسک پانی گزر رہا ہے، اور دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے کوٹ مٹھن کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے