ایمل ولی خان کا وفاق کو انتباہ: بجلی کی قیمتیں کم نہ کی گئیں تو اسلام آباد مارچ کریں گے
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے اسلام آباد مارچ کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سستی بجلی پیدا کر رہا ہے، لیکن 14 روپے فی یونٹ ریلیف پنجاب میں دیا جا رہا ہے۔ اگر پختونخوا میں بجلی کی قیمتیں کم نہ کی گئیں تو ایک ماہ بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے اور دھرنا دیں گے۔
ایمل ولی نے مزید کہا کہ جس صوبے میں آئی پی پیز کی کثرت ہے، وہاں ووٹ بینک کی خاطر بلوں میں کمی کی جا رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں آئی پی پیز سے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں ہو رہی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہم کیوں ان کا بوجھ برداشت کریں؟
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ پیداواری لاگت کے لحاظ سے پختونخوا میں بجلی کی قیمتوں کا تعین صوبے کا حق ہے اور وفاقی حکومت کو بجلی اور گیس کی مد میں پختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔