پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: اسلام آباد کے شہریوں کو بھی دو ماہ تک سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بھی دو ماہ کے لیے سستی بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر، اسلام آباد کی بجلی کمپنی کے ساتھ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور ملتان کی بجلی کمپنیوں کو خطوط بھیجے گئے ہیں۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اگست اور ستمبر میں 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ سستا فراہم کیا جائے گا۔ یہ ریلیف پنجاب کے بجٹ سے دیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر صوبے بھی اپنے بجٹ سے ریلیف فراہم کر سکتے ہیں۔
پچھلے ہفتے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے دو ماہ کے لیے 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف کا اعلان کیا تھا، جس کی وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تحسین کی۔