پاکستان کو تاریخی شکست: بنگلادیش نے پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کر دیا۔

بنگلادیش

بنگلادیش نے پاکستان کو راولپنڈی میں تاریخی شکست دے کر پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر سے کلین سوئپ کر لیا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر دوسری مرتبہ ہے کہ اسے کسی حریف ٹیم کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بنگلادیش نے دونوں ٹیسٹ میچز باآسانی جیتے۔ دوسرے ٹیسٹ میں 185 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ چوتھے دن کا کھیل بارش اور خراب روشنی کی وجہ سے جلد ختم کر دیا گیا تھا، اور آج بنگلادیش نے اپنی اننگز کا آغاز 42 رنز سے کیا۔

اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا اور ٹاس بھی نہیں ہو سکا تھا۔ دوسرے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلادیشی ٹیم 262 رنز بنا سکی اور 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 12 رنز کی برتری کے ساتھ کیا، مگر پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے نتیجے میں بنگلادیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔

اس سے قبل، پنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلادیش نے پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی، جس سے سیریز میں بنگلادیش کی برتری مزید مستحکم ہوگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے