وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور 8 گھنٹے کی گمشدگی کے بعد منظر عام پر۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور 8 گھنٹے لاپتہ رہنے کے بعد بالآخر منظر عام پر آگئے اور ان سے ٹوٹا ہوا رابطہ بھی بحال ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، علی امین گنڈاپور رات دیر گئے اسلام آباد سے پشاور کے لیے روانہ ہوئے تھے، جس کے بعد ان کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے ان کی پشاور واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔ اس دوران، خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ان کی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی تھی۔

تاہم، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور محفوظ ہیں اور انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں جلسے کے ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر کے الزامات پر علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین، شیر افضل مروت، صاحبزادہ حامد رضا اور زین قریشی کو گرفتار کر لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے