غزہ: اسرائیلی حملے میں المواسی کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فوج نے غزہ کے المواسی کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے باعث 40 فلسطینی شہید اور 60 دیگر زخمی ہوگئے۔ بمباری کے دوران، وزنی بموں کے استعمال سے کیمپ میں 30 فٹ گہرے گڑھے پڑ گئے، جس کی وجہ سے لاشوں کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اس دوران، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں پولیو مہم کے لیے موجود یو این عملے کو حراست میں لے لیا اور ان کی گاڑیوں کو بلڈوزروں سے نقصان پہنچایا۔ مزید برآں، نابلوس کے تین دیہات میں اسرائیلی قبضے کے لیے فلسطینیوں کو جگہ خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں ہزاروں بچے شہید ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر، اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40,972 سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ 94,761 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ ان حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہوکر عارضی کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔