خاتون ملازمہ کے کمرے سے خفیہ کیمرا اور غیر اخلاقی ویڈیوز برآمد۔

خفیہ کیمرا

کولمبیا کی ملازمہ کے کمرے سے خفیہ کیمرا برآمد، مالک کو ہرجانے کا حکم

بگوٹا: کولمبیا سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ خاتون ملازمہ کے کمرے سے خفیہ کیمرا اور قابل اعتراض ویڈیوز برآمد ہونے کے بعد عدالت نے مالک کو خاتون کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیلے اینڈریڈ نامی خاتون نیویارک کے کروڑ پتی شخص مائیکل ایسپوسیٹو کے گھر ان کے 4 بچوں کی دیکھ بھال کے لیے بطور نینی کام کر رہی تھیں۔ اینڈریڈ ان کے اہل خانہ کے ساتھ گھر میں رہائش پذیر تھیں۔ تاہم ان کی ملازمت اس وقت اچانک ختم ہو گئی جب انہیں اپنے بیڈروم میں نصب سموک ڈیٹکٹر کے اندر سے خفیہ کیمرا ملا۔

اینڈریڈ نے بتایا کہ انہیں شک اس وقت ہوا جب ایسپوسیٹو بار بار ان کے کمرے میں آ کر سموک ڈیٹکٹر کو ٹھیک کرنے یا تبدیل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ نینی کا شک اس وقت یقین میں بدل گیا جب انہوں نے سموک ڈیٹکٹر کے اندر ایک خفیہ کیمرا دریافت کیا، جس میں سینکڑوں ریکارڈنگز موجود تھیں، جن میں قابل اعتراض ویڈیوز بھی شامل تھیں۔

خاتون ملازمہ نے اپنی حفاظت کے پیش نظر فوراً ایسپوسیٹو کے گھر سے نکلنے کا فیصلہ کیا اور بعد ازاں عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔ عدالت نے مائیکل ایسپوسیٹو کو گرفتار کرنے کا حکم دیا، جبکہ مین ہٹن کی عدالت نے ملزم کو 2 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے ایسپوسیٹو اور ان کی اہلیہ ڈینیئل کو حکم دیا کہ وہ کیلے اینڈریڈ کو ذہنی اور جذباتی نقصان پہنچانے پر 27 لاکھ 80 ہزار ڈالر بطور ہرجانہ ادا کریں۔

نیویارک پوسٹ سے گفتگو کے دوران نینی نے کہا، "میں ان تین سالوں کے دوران جن مشکلات سے گزری ہوں، اس کا کوئی مداوا نہیں ہو سکتا، یہ رقم اس نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتی جو مجھے پہنچا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے