ملتان: ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 556 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ انگلش ٹیم ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی ہے۔
گزشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر، پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔
دوسرے روز، سعود شکیل اور نسیم شاہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ نسیم شاہ 388 کے مجموعی اسکور پر 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ سعود شکیل کی صورت میں 450 کے اسکور پر گری، جہاں انہوں نے 177 گیندوں پر 82 رنز بنائے۔ اس کے بعد عامر جمال 7 رنز، شاہین شاہ آفریدی 26 رنز، اور ابرار احمد 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی کرکٹر سلمان آغا نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 1,000 رنز مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے 15ویں ٹیسٹ کی 28ویں اننگز میں انجام دیا اور اس وقت ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کا پہلا دن
گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا، لیکن صائم ایوب جلد ہی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں، عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی، جبکہ عبد اللہ شفیق نے 102 اور شان مسعود نے 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ بابر اعظم کے طور پر گری، جو 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب، اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، سلمان علی آغا، اور عامر جمال بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ فاسٹ باؤلرز شاہین آفریدی، نسیم شاہ، اور ابرار احمد بھی موجود ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ ملتان میں کھیلے جا رہے ہیں۔