ملتان ٹیسٹ: پاکستان کے خلاف پہلی بار کسی ٹیم کا ایک اننگز میں 800 رنز کا تاریخی اسکور۔

ملتان ٹیسٹ:

تاریخ میں پہلی بار کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں 800 رنز مکمل کرلیے۔

انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف اتنا بڑا اسکور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اس وقت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے، جہاں انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 800 رنز کا سنگِ میل عبور کیا۔

انگلینڈ نے 20 سال قبل بھارت کی جانب سے بنایا گیا 675 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بھارت نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بنائے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ صرف چوتھی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی ٹیم نے ایک اننگز میں 800 سے زائد رنز بنائے ہوں۔ اس سے پہلے آخری بار یہ کارنامہ سری لنکا نے 1997 میں انڈیا کے خلاف انجام دیا تھا، جب سری لنکا نے 952/6 کا تاریخی اسکور کیا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم اس سے قبل بھی دو بار 800 سے زائد رنز بنا چکی ہے، ایک بار 1938 میں آسٹریلیا کے خلاف 903 رنز اور 1930 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 849 رنز بنائے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 800 سے زائد رنز بنانے کے چار ٹوٹلز میں سے تین انگلینڈ کے نام ہیں۔ پاکستان کے خلاف اس سے قبل سب سے زیادہ اسکور 1958 میں ویسٹ انڈیز نے بنایا تھا، جب انہوں نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 790 رنز اسکور کیے تھے۔

ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کا نیا ریکارڈ صرف ٹیم کے مجموعی اسکور تک محدود نہیں رہا، بلکہ انگلش بلے باز جو روٹ اور ہیری بروک نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے 412 رنز کی شراکت داری قائم کی، جو انگلینڈ کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ بن گئی۔ اس سے قبل پیٹر مے اور کولن کاوڈرے نے 1957 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 411 رنز کی شراکت بنائی تھی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ 624 رنز کی ہے، جو سری لنکا کے مہیلا جے وردنے اور کمار سنگاکارا نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے