کئی مہینے بعد، حکومتی ذخائر کی سطح 7 ارب ڈالرز کے نیچے گر گئی-

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک – 22 دسمبر 2023ء): کئی مہینے بعد پہلی مرتبہ سرکاری زرمبادلہ ذخائر 7 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے، ایک ہفتے کے دوران ڈالرز ذخائر میں بڑی کمی ہونے سے ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر بھی سوا 12 کروڑ ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 136 ملین ڈالر کی کمی کے بعد 12.068 ارب ڈالر ہوگئے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 15 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 5.163 ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 6.904 ارب ڈالر ہوگئے۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران غیرملکی قرضہ کی ادائیگی کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں 136 ملین ڈالر کی کمی ہوئی۔ دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان ہے۔

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 12 پیسے کی کمی سے 282روپے 78 پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں عمرہ زائرین کی ڈیمانڈ بڑھنے کے باوجود ڈالر کی قدر 25پیسے کی کمی سے 284روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے مجموعی طور پر 1ارب 55کروڑ ڈالر قرضوں کی منظوری کے علاوہ جنوری میں آئی ایم ایف سے 700ملین ڈالر کی قسط کی منظوری کے امکانات سے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے.”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے