خیبر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کے مطابق، تھانہ ملاگوری ضلع خیبر کا ایک دور دراز علاقہ ہے جہاں دہشت گردوں نے قریبی پہاڑوں میں گھات لگا کر پولیس اسٹیشن کی عمارت پر فائرنگ کی۔
ڈی پی او کے بیان کے مطابق، حملے میں سنائپر رائفل اور خودکار ہتھیار استعمال کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار، ثاقب خان، موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، جس کے باعث دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ پولیس نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کی ہیں تاکہ دہشت گردوں کا تعاقب کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ، بنوں کے علاقے بکا خیل میں بھی رات کے وقت ایک پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، تاہم جوابی فائرنگ کے بعد دہشت گرد وہاں سے فرار ہوگئے۔