اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ایک ہوٹل پر حملہ کرکے تین صحافیوں کو شہید کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، حسبیہ کے علاقے میں نہ تو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے تھے اور نہ ہی کوئی وارننگ دی گئی، لیکن اس کے باوجود اسرائیلی فوج نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 صحافیوں کی جانیں چلی گئیں۔
اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے خالی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ، لبنان کی سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں 5 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، جب کہ 7 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، غزہ کے جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے محاصرہ جاری ہے، جہاں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں کے اندر 10 رہائشی عمارتوں کو تباہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان حملوں میں 150 فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، اور اسرائیلی ٹینکوں نے کمال عدوان اسپتال پر بھی گولہ باری کی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان میں حزب اللہ کے کئی سینئر کمانڈرز اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین بھی شامل ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 44 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔