بیروت: حزب اللہ نے نعیم قاسم کو جماعت کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کے ایک مہینے بعد نعیم قاسم کو باقاعدہ طور پر تنظیم کا سربراہ منتخب کیا ہے۔ نعیم قاسم نے کافی عرصہ حسن نصر اللہ کے نائب کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور ان کی شہادت کے بعد انہیں قائم مقام سربراہ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ قاسم حزب اللہ کی شوریٰ کمیٹی کے تین بار رکن بھی رہ چکے ہیں، جو ان کی قیادت میں تجربے کو ظاہر کرتا ہے۔
حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ ان کے خالہ زاد بھائی اور داماد، ہاشم صفی الدین، کو حزب اللہ کا نیا سربراہ منتخب کیا جائے گا، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ بھی حال ہی میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حسن نصر اللہ طویل عرصے تک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل اور سربراہ رہے اور ان کی شہادت لبنان کے اندر اور باہر ایک بڑی سیاسی تبدیلی کا سبب بنی ہے۔