کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک – 29 دسمبر 2023ء): پاکستان مسلم لیگ (ن) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) میں ہونے والے انتخابات پر اتفاق ہو گیا ہے، جس میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جہاں جس کو ضرورت ہو دوسرا اس کو سپورٹ کرے۔
نجی ٹی وی چینل "بول نیوز” کے مطابق، صدر (ن) لیگ شہباز شریف اور سربراہ جی ڈی اے پیر پگارا کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں شہباز شریف نے پیر پگارا کو نواز شریف کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں مجوزہ انتخابی اتحاد اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سندھ کی سیاسی صورتحال اور انتخابی معاملات پر بات چیت ہوئی۔
دونوں جماعتوں نے انتخابات میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اور دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ انتخابات میں ملکر لڑیں گے۔
صدر (ن) لیگ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ میں تو ایک پارٹی کے پاس سارے اختیارات تھے، جہاں جس کو ضرورت ہو دوسرا اس کو سپورٹ کرے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم پیر پگارا کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں، سندھ کھنڈر کا نقشہ پیش کر رہا ہے، جی ڈی اے کے الیکشن سے متعلق کافی تحفظات ہیں، ہم جی ڈی اے کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، پیپلزپارٹی کے امیدوار بھی ہر جگہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، الیکشن لڑنا سب کا حق ہے، ہم نے کسی کو میدان میں اترنے سے منع نہیں کیا، ہم پیپلزپارٹی کو پنجاب میں الیکشن لڑنے پر ویلکم کرتے ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا ہے کہ گزشتہ 15 برس میں اہل سندھ کو محرومیاں ہی ملی ہیں، کراچی کو بھی 15 سال سے اس کا حق نہیں ملا، کراچی کے امن کیلئے نواز شریف کی حکومت نے بھرپور کردار ادا کیا، کراچی بنیادی حقوق مانگتا ہے، جو نہیں دیئے جا رہے۔ ہم متحد ہو کر کراچی کو اس کا حق دلائیں گے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہو رہی ہے، کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو وسائل ملیں۔