جاپان (مانیٹرنگ ڈیسک – 1 جنوری 2024ء): وسطی جاپان میں زلزلے کے بعد کچھ ساحلی علاقوں کے لئے سونامی کی وارننگ جاری ہوئی ہے اور وہاں رہنے والوں کو انخلا کی ہدایت ہوئی ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق، سی آف جاپان (Sea of Japan) میں ہونے والے زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کئے گئے ہیں جن میں سے ایک جھٹکے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے ساتھ ساتھ سی آف جاپان کے مختلف ساحلی علاقوں میں ایک میٹر بڑی لہریں متحرک ہوئی ہیں اور مزید بڑی لہروں کا امکان ہے۔ زلزلے سے متاثرہ خطے میں ہزاروں گھروں بجلی سے محروم ہوگئے ہیں اور پروازوں اور ٹرین سروسز متاثر ہوئی ہیں، تاہم ابھی کسی جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کی جانب سے Ishikawa، Niigata اور Toyama نامی ساحلی علاقوں کے لئے سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اس سونامی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ 3 میٹر بڑی لہریں متاثرہ حصوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔ روس کی جانب سے بھی Vladivostok اور Nakhodka شہروں کے لئے سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ زلزلے کے مزید جھٹکوں کے لئے تیار رہیں۔ جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوگوں کو زلزلے کے آفٹرشاکس کے لئے تیار رہنا چاہئے اور ہم سونامی کے خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والوں کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ جلد از جلد وہاں سے نکل جائیں۔ زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی محسوس کیے گئے جو بالکل مخالف سمت پر موجود ہے۔
دوسری جانب جاپان کے جوہری پلانٹ کا انتظام سنبھالنے والے ادارے نے کہا ہے کہ سی آف جاپان کے ساتھ موجود جوہری تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جاپان میں 2011 میں زلزلے اور سونامی سے 20 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ فوکوشیما جوہری پلانٹ کو نقصان پہنچا تھا۔