اوکاڑہ (مانیٹرنگ ڈیسک – 15 جنوری 2024ء): مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔
یہ نواز شریف نے انتقام نہیں لیا، قدرت نے سوموٹو نوٹس لیا ہے، وہ بزدل جوتیاں چھوڑ کر استعفیٰ دے کر بھاگا ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے، عدالتوں کے احاطے سے ظالم کے جوتی چھوڑ کر بھاگنے کے مناظر دیکھے۔ اوکاڑہ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اتنی سردی میں اوکاڑہ کا جلسہ بتا رہا ہے کہ 8 فروری کو شیر دھاڑے گا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عوام پر ظلم کرنے والے عبرت ناک انجام کو پہنچ رہے ہیں، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے، استعفے پر استعفے آ رہے ہیں، ان لوگوں سے نواز شریف سے یا ن لیگ انتقام نہیں لے رہی، جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے۔ سینئر نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے یہ لوگ فرعون بنے ہوئے تھے، آج ان کی اپنی باریاں آئی ہیں تو یہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، جو نواز شریف کی طرح سچا ہوتا ہے وہ ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے، دوسروں کو چور کہنے والے کی اپنی باری آئی تو توشہ خانہ کی گھڑی بھی نہ چھوڑی، لوگوں کو چور چور کہنے والے نے گھڑیاں چوری کیں۔