اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک – 16 جنوری 2024ء): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے خلاف توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستیں دائر کی ہیں جس میں چیئرمین نیب اور دیگر لوگوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں یہ کہا گیا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں 14 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جبکہ توشہ خانہ کیس میں 28 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشنز غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے درخواست کی ہے کہ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے زیر التوا رہنے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے۔