لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک – 16 جنوری 2024ء): سینئر صحافی اور اینکر جاوید چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کا ‘پلان سی’ سامنے لایا ہے جس کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے پارٹی بانی عمران خان اپنے ہر ایک امیدوار کا اعلان کریں گے۔
اپنے ولاگ میں جاوید چوہدری نے بتایا کہ ‘پاکستان تحریک انصاف نے اپنا پلان سی بھی ظاہر کردیا ہے جس کے تحت آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ایک ایک امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ اعلان عمران خان کے منہ سے کرایا جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ہم اپنے امیدواروں کو جتوانے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیں گے، امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ان کے انتخابی نشانات بھی ہوں گے۔’
ان کا مزید کہنا ہے کہ ‘آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ ویڈیوز کو صرف متعلقہ انتخابی حلقوں میں وائرل کروایا جائے گا اور اس سلسلے میں مہم کیلئے خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں، یہ ٹیکنالوجی کی زبردست قسم کی جنگ ہو گی اور میرا خیال ہے پاکستان تحریک انصاف سے اس فیلڈ میں کوئی سیاسی جماعت مقابلہ نہیں کر سکتی۔